الامداد ٹرسٹ مدرسہ تعلیم الدین نورپور کٹہریا بیگوسرائے کے زیر اہتمام مفت آنکھ جانچ کیمپ کا انعقاد
بتاریخ ۵ اکتوبر ۲۰۲۱ کو ماہر امراض چشم ڈاکٹر اجیت کمار نے چار رکنی ٹیم کے ساتھ مدرسہ تعلیم الدین نورپور کٹہریا بیگوسرائے کا دورہ کیا۔ یہ دورہ منعقدہ مفت آنکھ جانچ کیمپ کے لئے تھا۔ ادارہ کے ناظم جناب مولانا مفتی عبد الودود صاحب قاسمی نے یہ کیمپ منعقد کرایا۔ اس سے قبل بھی ادارہ نے مختلف مفت جانچ کیمپوں کا کامیاب انعقاد کرایا ہے۔
صبح ۸ بجے سے دوپہر ۱:۳۰ تک مفت جانچ کیمپ چلتا رہا، جس میں علاقہ کے لوگوں نے اپنی آنکھوں کا معائنہ کرایا، قرب و جوار کے مسلم و غیرمسلم سمیت تقریباً ۲۵۰ لوگوں کی آنکھوں کا جانچ اور دوا کے ساتھ مفت علاج کیا گیا۔
ڈاکٹر صاحب نے مدرسہ کا معائنہ کرنے کے بعد طلبہ واساتذہ سے مل کر دلی مسرت کا اظہار کیا، اور مفتی صاحب کے تئیں اپنے نیک جذبات پیش کیے۔
طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ آپ لوگ قوم کے رہنما بنیں گے اس لئے ہمہ تن گوش ہو کر پڑھنے ، اور خوب محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید طلبہ کو آنکھوں کی حفاظتی تدابیر بتانے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں بھی اس طرح کے کیمپوں میں بخوشی حاضری کا یقین بھی دلایا۔
اس مفت جانچ کیمپ سے فائدہ اٹھانے والے تمام باشندگان، بطور خاص برادران وطن نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مدرسہ اور اس کے جملہ منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ اور ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے خوب دعائیں دی۔
ذمہداران نے اس طرح کے کیمپوں کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مذہب اسلام انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے، قرآن میں کہا گیا ہےکہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔ اس لئے مذہب اسلام کے ماننے والوں کو ہر سطح سے انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے۔ اس طرح کے کیمپوں کا انعقاد کرانا چاہئے جہاں بلا تفریق مذہب اللہ کے تمام بندوں کی خدمت کی جائے۔
مزید یہ بات بھی سامنے آئی کہ خلق خدا کی خدمت کے لئے اس طرح کے مزید طبی، قانونی، و فلاحی کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔
اس موقع پر الامداد ٹرسٹ کے صدر جناب حضرت مولانا صابر نظامی صاحب قاسمی، سکریڑی و مہتمم جناب حضرت مفتی عبد الودود صاحب قاسمی، رکن خاص جناب حضرت مولانا علی حسن صاحب مظاہری اور مدرسہ ہذا کے تمام اساتذہ وطلبہ موجود رہے۔
رپورٹ: مولانا سعود مظاہری



تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں