 |
| جناب مولانا سید توحید عالم صاحب ندوی حفظہ اللہ |
اسلام میں خواتین کے حقوق، ہندوستان میں خواتین اسلام کے خلاف شدت پسند تنظیموں کا پروپیگنڈہ اور ان سے بچنے کی تدابیر کے موضوع پر خواتین اسلام کا ایک آن لائن اجتماع منعقد کیا گیا۔
جناب مولانا سید توحید عالم صاحب ندوی زید مجدہم نے اس آن لائن اجتماع سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے فرمایا، کہ اسلام نے عورتوں کو بلند مرتبہ عطا کیا ہے، اسلام مساوات کے ساتھ عدل اور انصاف کا قائل ہے۔ دنیا کے موجودہ مذاہب میں صرف اسلام ہی ایک ایسا مذہب ہے جو خواتین کو ان کے شایان شان مرتبہ عطا کرتا ہے۔ بقیہ تمام اقوام و ملل نے آزادئ نسواں کے نام پر خواتین کا استحصال کیا ہے۔ مولانا نے قرآن اور حدیث کی روشنی میں مدلل گفتگو کرتے ہوئے خواتین اسلام کی عظمت و مرتبت کو واضح فرمایا۔
مولانا نے دین اسلام کے اندر خواتین سے حسن سلوک، حسن معاشرت، حجاب، اور طلاق جیسے اہم موضوعات پر مفصل اور تشفی بخش خطاب فرمایا۔
ملک ہندوستان کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا نے فرمایا کہ اس ملک کی شدت پسند تنظیموں نے مسلم خواتین کے خلاف باقاعدہ مورچہ کھول رکھا ہے، اور مسلم خواتین کو جھانسہ دے کر بے آبرو کر نا ان کی عزت کو پامال کرنا انھوں نے اپنا مشن بنا رکھا ہے ، اس کے لئے باقاعدہ اپنے کارندوں کو آمادہ کرتے ہیں اور انھیں مالی تعاون فراہم کرنے کا نظام بھی بنایا ہے۔ بطور خاص اسکول اور کالج میں زیر تعلیم مسلم بچیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
فکر آخرت، خدا کا خوف اور مناسب تدابیر اختیار کرنا ہی ایسی چیز ہے جو ہمیں ان کے جال سے بچا سکتی ہے۔
جدید ذرائع ابلاغ کا درست استعمال، بطور خاص موبائل کے مفاسد سے اپنے آپ کو بچانا، غیروں کے اختلاط سے حتی الوسع پرہیز کرنا، غیروں سے نرم لہجے میں بات نہ کرنا، زیورات اور زیبائش و آرائش کو غیروں کے سامنے پیش کرنے سے بچنا۔ اسلامی حجاب استعمال کرنا۔ یہ ایسی تدابیر ہیں جو اختیار کی جانی چاہئے۔
گارجین بطور خاص اپنے بچوں پر نہ صرف یہ کہ گہری نگاہ رکھیں بلکہ ان کی دینی تربیت کا بھی بھرپور نظم کریں۔
اپنے علاقہ کے دینی اجتماعات، درس قرآن اور دیگر دینی مجالس میں شرکت پر بھی زور دیا اور فرمایا کہ اگر اجتماعات نہ ہو رہے ہوں تو اس کے شروع کرنے کی فکر ہو، آن لائن دینی اجتماعات میں بھی شرکت ہو۔
اچھی صحبت کا خصوصی اہتمام ہو، گارجین اپنے بچے بچیوں کے لئے نیک اور اچھے دوستوں اور سہیلیوں سے تعلق پر زور دیں۔
دینی کتب کا مطالعہ ، گھر میں روزانہ تعلیم کی نششت، دینی کتابوں کی فراہمی بھی تربیت کے اہم ذرائع ہیں، اس کے لئے دین کی بنیادی اور آسان کتابوں سے شروعات کی جا سکتی ہے۔
چند کتابیں جن کا ذکر مولانا نے دوران خطاب فرمایا وہ درج ذیل ہیں:
1_ قرآن آپ سے کیا کہتا ہے؟: مولانا منظور نعمانی رح
2_ اسلام کیا ہے: مولانا منظور نعمانی رح
3_ پردہ: مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی رح
4_ ہمارے حضور صلی اللہ علیہ وسلم
5 در یتیم: ماہر القادری رح
6_ سیرت رسول اکرم: علی میاں ندوی رح
7_ اسلامی تہذیب کے درخشاں پہلو: مصطفی سباعی
8_ معارف الحدیث: مولانا منظور نعمانی
منظم دینی تعلیم کے لئے دینی درسگاہ یا آن لائن دینیات کورس کی جانب بھی توجہ دی جانی چاہئے، اخیر میں ایک آن لائن دینیات کورس کا تعارف بھی کرایا گیا تاکہ خواہشمند بچیاں اس کورس سے بھی فائدہ اٹھا سکیں، مزید تفصیلات کے لئے مذکورہ نمبرات پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:
8294062280
7464906990
8429608952
8707654833
 |
| فائل فوٹو |
واضح رہے کہ اس موقع پر آن لائن دینیات کورس کی طالبات و معلمات و معلمین کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں سے بطور خاص لکھنؤ، نیپال، بنگلور اور بھوپال سے خواتین کی بڑی تعداد نے اس آن لائن خطاب سے فائدہ اٹھایا، اور مزید اس طرح کے دینی پروگرام کرائے جانے کی درخواست کی۔ مولانا نے خواتین اسلام کے شوق و جذبہ کے پیش نظر مزید اس طرح کے پروگرام کی یقین دہانی کرائی، اور آئندہ پروگراموں میں زیادہ تعداد میں شریک ہونے اور دوسری خواتین کو شریک کرنے کی جانب توجہ دلائی۔ موصوف کی دعاء کے ساتھ اس آن لائن میٹنگ کا اختتام ہوا۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں