![]() |
| اللقاء الثقافی" کی سالانہ نشست: فائل فوٹو" |
ایک مشفق استاذ اور مربی کا خط اپنے شاگرد کے نام
بسم اللہ الرحمن الرحیم
عزیز از جان و دل ضیاء الرحمن کریمی ندوی سلمہ اللہ وأکرمہ!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
امید ہے کہ تم بخیر و عافیت اپنی تعلیمی مہم میں ہمہ تن مصروف ہوگے اور تمہارے امتحانات بھی اچھے جارہے ہوں گے.
اللہ تعالی تمھیں ہمیشہ سرخ رو رکھے!!
نومبر 2020 کا دوسرا عشرہ اس اعتبار سے میرے لیے بہت اہم ہے کہ کووڈ-19 کے انتہائی تلخ تقریبا آٹھ مہینے کی طویل جدائی کے بعد تم سے ملاقات کی خوشی حاصل ہوئی، بلکہ تم سے ملنے کی ایک آرزو تھی جو پوری ہوئی.
الحمد لله الذي تتم بنعمته الصالحات.
عزیز از جان و دل!
تم سے مل کر، تمہارے ساتھ ایک یادگار شب، ایک امید افزا صبح اور کچھ تاریخی لمحات بتاکر سچ مچ میرا دل باغ باغ ہوگیا، واقعتا میری آنکھیں روشن ہوگئیں اور ماضی کی حسین یادوں کے بے شمار نقوش ذہن و دماغ پہ پھر سے ابھر آئے....!!
تمہاری محبت تمہاری وفاداری، تمہاری سرگرمی تمہارا جوش، تمہاری مزاج شناسی تمہارا نظم و نسق، تمہارا امتیاز تمہارا تفوق، تمہاری خاموشی تمہارا تکلم، تمہاری برجستگی تمہارا زور قلم، تمہاری غفلت تمہاری فعالیت، سفر و حضر میں تمہاری معیت اور ہر جگہ تمہارا خلوص، تمہاری فنائیت اور تمہاری اصابت رائے... تمہارے لیے میرا تھکنا مرنا اور لڑنا اور تم کو لے کر کبھی شام اور اکثر صبح سویرے فجر بعد بلالی مسجد سے سیدھے چائے خانہ کی طرف نکل جانا، صبح از خود ندوہ آ آ کر جگانا، میری ایک کال پر ٹفن لے کر تمہارا فورا آجانا، اللواء کےلیے دوڑنا بھاگنا، تاکہ اس کا وقار و اعتبار قائم رہے... بے خوفی و جانبازی کے ہنر سے بہرہ ور کرنے کےلیے مختلف جرأت آزما فیصلوں اور اقدامات پر آمادہ کرنا اور اس پر میرا مصر رہنا... اللہ اللہ... کوئی ایک دو دن، ایک دو ہفته یا ایک دو برس کی بات ہو تو چلو لکھ دو... یہاں تو یادوں کا نہ تھمنے والا ایک سیل رواں ہے... عربی اردو زبان و ادب، تاریخ و افکار، صحافت و سیاست، جمعہ کی نشستیں، سخت ترین مخالفت کے ایام میں تمہاری استقامت کے شاندار جلوے اور نہ جانے کیا کیا ہیں نہا خانۂ دل میں... تم آئے تو یکایک یہ سارے جلوے سامنے آگئے... اوففو ... لکھنؤ میں تنگی کے سخت ایام اور پھر نظر کے سامنے مصر کے ازہر و اہرام... اس سے قبل شکوہ ترکمانی کی دید و بازدید اور اس کے بعد حرمین شریفین کا روحانی و نورانی جلال و جمال... اللہ اللہ یہ ساری کارگذارایاں تمہارے سامنے کی ہی تو ہیں... بلکہ سب میں تمہارا حصہ اور تمہاری شرکت ہے پیارے ضیاء الرحمن!!
اللہ تعالی تم کو خوب خوب نوازے اور اپنی شان کے مطابق بدلہ دے!!
تم آئے تو جیسے لگا کہ میری جان میں جان آگئی... میری امیدوں کا چراغ روشن ہوگیا...
اسی لئے میں نے بھی دل کھول کر باتیں کیں، شرما ٹی اسٹال کی صبح والی ملاقات اہم تھی جس میں ہم نے مندرجہ ذیل باتیں عرض کی تھی:
1- اپنی دلچسپی اور اختصاص کے موضوع پر مستقل مطالعہ اور منصوبہ بند کام کئی برس کےلیے.
2- کچھ ممکنہ عملی اقدامات بھی پابندی کے ساتھ.
3-ا پنے احباب سے پیہم رابطہ کی صورت پیدا کرنا ماہانہ یا پندرہ روزہ یا دوماہی حسب سہولت.
فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں
4- مختلف چھٹیوں میں کچھ وقت ساتھ گذارنے کی ترتیب بنانا وغیرہ.
5- گلوبل اکیڈمک فورم دہلی کا تذکرۂ و تعارف.
اس موقع پر برادران عزیز حمزہ حسینی اور حسان شاہد کی شرکت اور فعالیت نے بہت مسرور کیا، یہ دونوں بھی وہبی صلاحیتوں کے حامل قابل قدر ابھرتے ہوئے نوجوان ہیں، اللہ تعالی ان کو توفیق سے نوازے اور قبول فرمائے!
ہاں عزیز من!
نام تو بہت دنوں سے سنتے آئے تھے، غائبانہ ذکر جمیل نے دید و شنید کا مشتاق بنادیاتھا، آج جب ملاقات ہوئی تو مسرت کی انتہا نہ رہی: ہشاش بشاش چہرہ، کشادہ دل و فراخ چشم، حقیقت پسند، ملنسار و خوش اخلاق، تواضع کا پیکر، شوق علم سے معمور، خدمت دین و ادب کے جذبہ سے بھرپور، آپ کی فیمیلی سے ہم آہنگ،آپ کی ہمشیرہ سے رشتہ کے لئے بالکل موزون و مناسب .... ان شاء اللہ بہت خوب رہیں گے برادر عزیز محمد شاکر نظامی قاسمی سلمہ اللہ وأکرمہ!!
گاؤں میں تم لوگوں کی تعلیمی، سماجی اور تنظیمی سرگرمی بھی خوب ہے بلکہ قابل تقلید ہے ماشاء اللہ وبارک اللہ!!
آکر اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے اور فائدہ اٹھائیں گے ان شاء اللہ.
عزیز از جان و دل ضیاء الرحمن!
مجھے امید ہے کہ یہ تذکیری ملاقات اور منصوبہ بندی کی تجدید ہم سب کےلئے مفید ثابت ہوگی، طویل المیعاد معاہدہ اور باہمی تعاون سے ہم سب مضبوط ہوں گے ان شاء اللہ.
تم اپنا پسندیدہ موضوع اور لکھنؤ کا سفر نامہ ضرور لکھ کر بھیجو اور امتحان سے فارغ ہوکر جلد زوم پر اپنے احباب کے ساتھ ایک نشست منعقد کرو، ان شاء اللہ خیر ہوگا.
پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ.
ایک بار پھر دل کی گہرائیوں سے تمہارا شکریہ اور قدردانی کے بے پناہ جذبات.
والدین ماجدین، جملہ اہل خانہ اور برادرم شاکر نظامی قاسمی سلمہ کی خدمت میں سلام اور دعاء کی درخواست پیش کرنا، تم بھی اپنی خاص دعاؤں میں یاد رکھنا.
أللهم وفقنا لما تحب وترضى يا أرحم الراحمين وأكرم الأكرمين!!
قدر شناس استاذ اور شفیق مربی....
مسعود عالم ندوی.
لکھنؤ میں واقع اپنے ٹھکانہ سے
18/11/2020
12:00 AM

MashaAllah.
جواب دیںحذف کریںحفظكم الله ورعاكم وأدام الله هذه المحبة والمودةبيننا آمين
آمین، وایاک
حذف کریںخط دیکھ کر ایسا لگا کہ شبلی نے سلیماں کو مخاطب کیا ہے
جواب دیںحذف کریںاللہ کرے دونوں استاذ وشاگرد شبلی وسلیماں ہی ثابت ہوں
ابھی یہ الفاظ کا جامہ دونوں کے قد سے کچھ بڑا لگ رہا ہے